نئی دہلی17فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سرینگر۔جموں شاہراہ پر گزشتہ جمعرات کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ٹویٹر پر کئی مشہور ہستیاں اپنی طرف سے تعزیت ظاہر کر رہی ہیں۔ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کو لے کر بھارت کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی ٹوئٹ کرکے افسوس ظاہر کیا ہے۔ ثانیہ مرزا نے لکھا کہ: ’یہ پوسٹ ان لوگوں کے لئے ہے جو سوچتے ہیں کہ مشہور شخصیات کے طور پر ہمیں کسی حملے کی مذمت ٹویٹر اور انسٹاگرام پر ہی کرنی چاہئے، یہ ثابت کرنے کے لئے کہ ہم محب وطن ہیں اور ہمیں ملک کا خیال ہے ۔ ثانیہ مرزا نے آگے لکھا کہ :’اور ان میں سے بعض ایسے مغلوب الفکر شخص بھی ہیں، جن کے پاس ا پنے غصہ کے اظہار کے لیے کوئی ٹارگیٹ نہیں ہے تو نفرت پھیلانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑ رہے ہیں‘۔ ثانیہ نے آگے لکھا کہ :’میں اپنے ملک کے لئے کھیلتی ہوں، اس کے ملک کے لئے پسینہ بہاتی ہوں اور اسی طرح میں اپنے ملک کی خدمت کرتی ہوں اور ساتھ ہی اپنے CRPF کے جوانوں اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہوں۔